امین الحسن نے کہا کہ اس وقت تک یہ تحریک جاری رہے گی جب تک حکومت شہریت ترمیمی قانون واپس نہیں لیتی
اورنگ آباد کے شاہین باغ میں علما اکابرین اور سماجی جہد کاروں کا تانتا بندھا ہوا ہے ، جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ایس امین الحسن نے شاہین باغ پہنچ کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور اس تحریک کو اکیسویں صدی کے انقلاب سے تعبیر کیا ۔
ایس امین الحسن نے بتایا کہ وہ ملک بھر میں آباد دو پچاس سے زائد شاہین باغ کا دورہ کررہے ہیں، اس پرامن احتجاج کی گونج اب عالمی سطح پر سنائی دے رہی ہے ۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر نے شاہین باغ کی خواتین کے جذبے کی ستائش کی اور کہا ان ماؤں بہنوں نے اسلامی تاریخ کی یاد تازہ کردی ہیں، آج کے شاہین باغ میں آپ بی بی زینب ، ام کلثوم اور اُمّ عمارہ کو دیکھ سکتے ہیں جو اپنی نسلوں کی شناخت کے لیے ڈٹ گئیں ہیں۔
ایس امین الحسن نے سی اے اے کو منو واد کے احیا سے تعبیر کیا ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ شاہین باغ کی لڑائی سی ڈبل اے کی واپسی تک جاری رہے گی ،اس موقع پر جماعت اسلامی ہند کے امیر مقامی نے نوجوانوں کی کچھ اس انداز میں ستائش کی۔
اورنگ آباد کے شاہین باغ میں سماجوادی پارٹی کے رہنما ابو عاصم اعظمی کے چھوٹے بھائی ذولفقاراعظمی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ملک بیدار ہوچکا ہے اب نفرت کی سیاست زیادہ دن نہیں چلنے والی ، قومی سطح کے قائدین کو سننے شاہین باغ میں سیکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع تھے ، خیال رہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اورنگ آباد کی زنجیری ہڑتال کوپینتالیس دن مکمل ہوچکے ہیں۔