ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں جماعت اسلامی ہند کی جانب سے 'کونوا انصار اللہ' عنوان سے ریاست گیر مہم شروع کی گئی ہے۔ اسی مہم کے تحت اورنگ آباد کے ایمپیریئل لانس میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد مسلمانوں کو مذہبی اقدار سے جوڑنا اور ان میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ بیدار کرنا ہے۔
اس پروگرام میں جماعت کے ناظم شہر انجنیئر واجد قادری نے انبیاء کرام اور صحابہ کے عملی کردار کی روشنی میں ملک و ملت کی خدمت کیسے کی جاسکتی ہے سمجھانے کی کوشش کی۔
ایس آئی او کے سابق صدر سہیل کے کے، نے دو دہائیوں میں عالمی سطح پر ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کا نقشہ کھینچ کر مسلمانوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں نفرت کی سیاست کی جارہی ہے۔ اس وقت مسلم مخالف پروپیگنڈے چلائے جارہے ہیں، ایسی صورتحال میں مسلمانوں کا عمل کیا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی۔ ہم نے اس مہم کے ذریعہ یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ اگر آپ بدی کا جواب نیکی سے کریں گے تو آپ کا دشمن بھی آپ کا خاص دوست بن جائے گا۔ اسلام کے بنیادی اصولوں کو اپناکر نفرت کا مقابلہ کرنا ممکن ہے۔