مالیگاؤں: مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں اردو میڈیا سینٹر پر ناسک حلقہ گریجویٹ اسمبلی چناؤ کے لیے امیدواری کرنے والے عرفان نادر کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس موقع پر عرفان نادر نے کہا کہ ناسک ڈیوژن حلقہ گریجویٹ اسمبلی کا چناؤ صرف مہاراشٹر ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی نے کانگریس کے ڈاکٹر سدھیر تانبے (جو اس سے قبل مذکورہ حلقہ سے مسلسل تین مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں) کی امیدواری ظاہر کی تھی۔ انہوں نے سدھیر تانبے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ وہ اپنے فرزند ستیہ جیت تانبے کے لیے کوشاں تھے۔ مہا وکاس اگھاڑی سے ڈاکٹر سدھیر تانبے کی امیدواری کا اعلان ہو جانے کے باوجود عین وقت پر انہوں نے امیدواری فارم داخل نہ کرکے نہ صرف کانگریس بلکہ مہا وکاس اگھاڑی سے بھی غداری کی اور اپنے فرزند ستیہ جیت تانے کا آزاد امیدوار کے طور پر فارم داخل کروا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
اس درمیان صابر گوہر نے کہا کہ ناسک گریجویٹ اسمبلی حلقہ سے مقامی سطح پر امیدواری کرنے والے مالیگاؤں کے ساکن عرفان احمد نادر نے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ہی شہر کے مسائل کے حل اور تدارک کے لیے منترالیہ، پی ایم او (وزیر اعظم کے دفتر) اور صدر جمہوریہ و ریاستی گورنر کی رہائش گاہ تک رسائی کر سکتے ہیں۔ صابر گوہر نے مزید کہا کہ ان کی امیدواری تعلیمی حلقوں میں نمایاں کارکردگی کے ساتھ ہی اپنے شہر کی شناخت کے لیے ہے۔ کامیابی یا ناکامی ہر دو صورت میں شہری و تعلیمی حلقوں میں وہ نمایاں کارکردگی کے لیے پابند رہیں گے۔