مالیگاؤں: خواتین کو معاشی اعتبار سے مستحکم کرنے اور انہیں خود کفیل بنانے کے مقصد سے مالیگاؤں ٹیلر یونین کی جانب سے یتیم لڑکیوں کو مہندی لگانے اور کپڑے سلائی کی تربیت دینے کے لیے شہید عبدالحمید روڈ پر ایک سلائی کلاس کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہاں درجنوں یتیم لڑکیوں اور بیوہ خواتین کو مفت میں تربیت دی جاتی ہے۔ اس تعلق سے ٹیلر یونین کے صدر انصاری قطب الدین نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ یہاں خواتین اور لڑکیوں کو مفت میں جینٹس کپڑوں کی سلائی کے ساتھ ساتھ مہندی اور بیوٹی پارلر کے کورس کرائے جاتے ہیں اور کورس مکمل ہونے کے بعد یونین کی جانب سے انہیں سرٹیفکیٹ بھی دیا جاتا ہے۔ Malegaon Tailor Union
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں گھر چلانا کافی مشکل ثابت ہورہا ہے۔ اس لیے خاص طور پر خواتین کا خود کفیل اور ہُنر مند بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قطب الدین نے کہا کہ اس سلائی کلاس میں درجنوں کی تعداد میں خواتین اور لڑکیاں سلائی اور دیگر کورسز سیکھنے کے لیے آتی ہیں۔ محدود وسائل ہونے کے باوجود بھی انہیں ماہر و تجربہ کار استاد کی نگرانی میں تربیت دی جا رہی ہے۔ تاہم اس سلسلے میں اگر شہر کی مختلف تنظیموں یا اداروں کی جانب سے شہر کے متعدد مقامات پر سلائی کلاس یا سلائی مشینوں کا نظم کردیا جائے تو بڑی تعداد میں خواتین کو ہُنرمند بنایا جاسکتا ہے۔