مہاراشٹرا کے ممبئی میں گزشتہ 3 روز سے انکم ٹیکس کی ٹیم اگریپاڈہ علاقہ میں واقع تبریز ربروالا کی رہائش گاہ اور آفس میں دستاویزوں کی جانچ میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ معاملہ 500 کروڑ روپئے کی بدعنوانی سے جڑا ہوا ہے۔ انکم ٹیکس کے عہدیدار کئی ماہ سے ربروالا بلڈر پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ اس دوران انکم ٹیکس کو پتہ چلا کہ ممبئی کے پلے ہاؤس میں تعمیر پلٹنینیم مال کی سینکڑوں دوکانیں مارکیٹ سے کم قیمت پر فروخت کی گئیں جبکہ اس معاملہ میں کروڑوں کی ٹیکس چوری کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ربروالا کے ذریعہ بدعنوانی کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ممبئی کے متعد مقامات پر ازسر نو تعمیر کیے جانے والے مختلف پروجیکٹ میں ربروالا کے ذریعہ کی گئی بدعنوانیوں کو دیکھتے ہوئے محکمہ بی ایم سی نے ان کی کمپنی کو بلیک لسٹڈ بلڈر قرار دیا تھا جبکہ ممبئی کے مختلف پولیس تھانوں میں ان کے خلاف دھوکہ دہی کے کیسز درج ہیں۔