ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں کورونا بحران کے سبب لوکل ٹرین سے سفر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ وہیں دوسری جانب ریاستی حکومت نے ممبئی اور ممبئی سے متصل علاقوں سے ملازمت اور کاروبار کرنے والوں کے لئے بس سروس کا آغاز کیا ہے۔
حال ہی میں ممبئی سے متصل ممبرا علاقے سے آنے والے لوگوں کے لیے تھانے کارپوریشن نے بس سروس آغاز کیا ہے، یہ بس سروس ممبرا شیل پھاٹه سے ممبئی چھترپتی شیواجی ٹرمینل کے لئے روانہ ہوتی ہے.
عوام کے لئے یہ سروس بہتر ہے، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ممبرا سے ممبئی کے لئے یہ بس سروس خسارے میں ہے۔ ممبرا سے ممبئی کے لئے یہ بس سروس دن میں چار پھیرے لگاتی ہے۔ لیکن جتنی آمدنی کی توقع کی جاتی ہے، اتنی نہیں ہوپاتی ہے۔
دراصل اس بس سے ممبرا سے ممبئی کے لیے سفر کرنے میں وقت زیادہ لگتا ہے اور کرایہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ ساتھ میں بس میں 30 سے زیادہ لوگوں کو بٹھانے کی گنجائش نہیں ہوتی، جس کے سبب بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اگر حالات یہی رہیں تو نقصانات برداشت نہ کرنے کی صورت میں ٹی ایم ٹی ممبرا سے ممبئی بس سروس کو کبھی بھی بند کیا جاسکتا ہے۔