کورونا وبا کے سبب صاف صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایات کی جارہی ہے لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہی کہانی بیان کررہے ہیں۔
اورنگ آباد کی قدیم ترین سبزی منڈی 'شاہ گنج منڈی' ان دنوں کچروں کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔ غلاظت اور گندگی کے درمیان لوگ خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔
شاہ گنج منڈی کا شمار شہر کی قدیم ترین منڈیوں میں ہوتا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں سبزی ترکاری خریدنے آتے ہیں لیکن حالیہ بارش کے موسم کی وجہ سے منڈی میں گندگیوں کا انبار لگا ہوا ہے لیکن مجبوری کی حالت میں لوگ اس منڈی کا رخ کرتے ہیں۔
اس منڈی کے سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ متعدد مرتبہ شکایت کے باوجود بھی میونسپل انتظامیہ اس جانب توجہ نہیں دے رہا ہے لیکن مجبوری اور روزی روٹی کی خاطر وہ یہاں کاروبار کر رہےہیں۔
شہر کے قلب میں واقع سبزی منڈی کا یہ حال اس بات کی گواہی دینے کے لیے کافی ہے کہ شہریان کی صحت اور صاف صفائی کے تئیں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کتنا سنجیدہ ہے۔