مہاراشٹر میں گرین زون والے علاقوں میں مشروط طور پر راحت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایسے میں عوام کی نظریں ریاستی اور مرکزی سرکار کے فیصلوں پر لگی ہوئی ہیں۔ کیا ملک میں دوبارہ 20 سے 21 دنوں کا لاک ڈاون کیا جائے گا؟ یا پھر ملک کے وزیر اعظم 30 مئی تک لاک ڈاون کا اعلان کریں گے؟
ہر کوئی اس وقت تذبذب کا شکار ہے، ایسے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ریاست مہاراشٹر کے جن اضلاع کو’’ گرین زون ‘‘ میں شامل کیا گیا ہے وہاں کی عوام کوکچھ شرائط کے ساتھ لاک ڈاون سے راحت ملے گی۔
موجودہ حالات میں مہاراشٹر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد10 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں، ایسے میں نائب وزیر اعلی اندیشہ ظاہر کرنا ان اضلاع کے لئے کافی راحت دلانے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ گرین زون ‘‘ والے اضلاع میں دکانیں اور دیگر کاروبار کی بحالی مشروط طور پر کی جاسکتی ہے۔
حالات کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ ممبئی، پونہ اور دیگر دو یا تین اضلاع کے علاوہ پوری ریاست میں عوام کو راحت ملے گی۔
گزشتہ 27اپریل کو ملک کے تمام وزرائے اعلی کا وزیر اعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ کا انعقاد ہوا تھا، جس میں تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی نے اپنی اپنی ریاستوں کی صورتحال سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا تھا۔
اس میٹنگ کے بعد وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بھی اشارہ دیا تھا کہ ریاست میں لاک ڈاون میں کچھ حد تک نرمی دی جاسکتی ہے مگر ممبئی اور پونہ کے ساتھ جو اضلاع ’’ ریڈزون‘‘ میں شامل ہیں انہیں لاک ڈاون سے راحت ممکن نہیں۔
جو علاقے گرین زون ہیں ان کو لاک ڈاون سے راحت ملے گی مگر کورونا سے بچاو کے لئے مرکزی حکومت نے جو ہدایات اور اصول جاری کیے ہیں ان پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔
اس میٹنگ کے بعد ناگا لینڈاور سکم کے وزرائے اعلی نے اپنی ریاست کوتین جون تک مکمل طور سے سیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کی بنیاد پر ان ریاستوں میں دیگر ریاست کے لوگ داخل نہیں ہوسکیں گے اور نہ ہی ان دونوں ریاستوں کی عوام دیگر ریاستوں میں جاسکیں گی۔