ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی مضافات میں کچھ غیر سرکاری تنظیموں کی کوششوں سے ممبئی کے مالوانی ملاڈ علاقے میں ایک مفت کلینک کی بنیاد رکھی گئی۔ جس کا مقصد علاقے کے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو مفت طبی سہولت فراہم کی جائے۔ اس مفت کلینک سے روزانہ 170 سے 200 مریض استفادہ کرتے ہیں۔ یہ کلینک محض 9 مہینے قبل ہی قائم کیا گیا ہے۔ غیر سرکاری تنظیم کے سربراہ اکرام سیّد کے مطابق یہ علاقہ اور یہاں کے لوگ بڑے کلینک یا ایم بی بی ایس ڈاکٹر سے علاج کرانے سے قاصر رہتے ہیں۔ غریبوں کے ساتھ ساتھ 15 فیصد صاحب حیثیت افراد کی بھی یہاں آمد ہوتی ہے کئی افراد مفت میں دوا لینا گوارا نہیں کرتے تو وہ لوگ کبھی کچھ رقم بھی دینا چاہتے ہیں ہم اس رقم کا بھی استعمال یہیں کرتے ہیں۔ مریضوں کا یہاں نہ صرف چیک اپ کیا جاتا ہے بلکہ انہیں مفت میں ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
اکرام نے کہا کہ یہ طبی سہولت اس طبقے کے لیے ہے جو بنیادی اور طبی سہولتوں سے محروم ہے جس کی مالی حیثیت بہتر نہ ہونے کے سبب وہ بڑے ڈاکٹر یا کلینک میں علاج کرانے سے قاصر ہیں۔ ان میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہیں۔ اکرام سید نے مزید کہا کہ ممبئی مضافات میں ایسے کئی علاقے ہیں جو بنیادی اور طبی سہولتوں سے محروم ہیں جہاں حکومتی اسکیمیں اور حکومتی کی سہولیات اس طبقے کے لیے بآسانی ملنا مشکل ہوتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں اور محلہ کلینک کی تعداد کم ہے اگر اس طرح سے چھوٹے چھوٹے طبی مراکز قائم کیے جائیں تو ضرورت مندوں کو سہولتیں آسانی سے میسر ہوجائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : Jama Masjid Mumbai جامع مسجد میں خواتین کے لیے نماز و تراویح کا اہتمام