ممبئی: یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) امتحان کے نتائج سامنے آچکے ہیں۔ اس مرتبہ 32 مسلم طلبہ یوپی ایس سی امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ گذشتہ برس کے مقابلے رواں برس زیادہ مسلم طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ گذشتہ برس 25 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی تو اس برس کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے۔
وہیں ممبئی میں موجود مرکزی حج کمیٹی کے صدر دفتر حج ہاوس میں جاری کوچنگ کلاس کے چار طلبہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ حج ہاؤس مقابلہ جاتی کوچنگ سینٹر سے استفادہ کرکے یوپی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے ان چار طلبہ کے نام برہان زماں، محمد حسین سید، عائشہ قاضی اور تسکین خان ہیں۔ برہان زماں نے یوپی ایس سی امتحان میں آل انڈیا 768 واں رینک حاصل کیا ہے۔ جبکہ دوسرے طالبِ علم محمد حسین سید نے 750 واں رینک ، عائشہ قاضی نے 582 واں اور تسکین خان نے 736 واں رینک حاصل کیا ہے۔
برہان زماں کا تعلق کلکتہ سے ہے، انہوں نے حج ہاوس میں 2019-2020 کے بیچ میں کوچنگ حاصل کی تھی۔ محمد حسین سید کا تعلق ممبئی کے پائیدھونی علاقے سے ہے۔ انہوں نے 2019 سے 2021 تک حج ہاوس کوچنگ اینڈ گائیڈنس سیل سے استفادہ کیا تھا۔ عائشہ قاضی کا تعلق ممبئی کے مضافاتی علاقے کلوا سے ہے۔ انہوں نے 2019 کے بیچ میں حج ہاوس سے تربیت حاصل کی تھی جبکہ میرٹھ سے تعلق رکھنے والی تسکین خان نے 2019 بیچ سے مقابلہ جاتی امتحان کی تربیت حاصل کی تھی۔
مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر یعقوب شیخ نے طلبہ کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مقابلہ جاتی امتحانات میں محنت کا ثمر ملتا ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ طلبہ و طالبات کیلئے بہترین کوچنگ اور سہولیات کا انتظام کیا جائے۔ اس سے قبل بھی حج ہاوس کوچنگ سینٹر سے کئی طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کی اور وہ آج ملک و قوم کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ممبئی میں واقع مرکزی حج کمیٹی کے صدر دفتر حج ہاوس کی عمارت میں گذشتہ کئی برسوں سے مسلم طلبہ و طالبات کی تربیت کیلئے مفت کوچنگ کا انتظام کیا جاتا ہے اور ان کیلئے طعام و قیام کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ اس ادارے کی مدد سے کئی مسلم طلبہ نے یوپی ایس سی اور ایم پی ایس سی کے علاوہ دیگر مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Zofishan Haq یو پی ایس سی امتحان میں ذوفیشان حق کو 193واں رینک حاصل ہوا
حج ہاؤس کوچنگ سینٹر ہر برس سو مسلم طلبہ و طالبات کو مقابلہ جاتی امتحان کی کوچنگ فراہم کرتا ہے۔ پچاس طلبہ کے اخراجات کو مرکزی حج کمیٹی برداشت کرتی ہے، جبکہ پچاس طلبہ کے اخراجات کو مرکزی وقف کونسل برداشت کرتی ہے۔ ہر برس ماہ جون یا جولائی میں حج ہاوس کوچنگ سینٹر کیلئے داخلہ امتحان کے فارم نکلتے ہیں۔ داخلہ امتحان اور پینل انٹرویو میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ایڈمیشن دیا جاتا ہے اور انہیں ایک سال کیلئے یوپی ایس سی نصاب کے تحت ماہر اساتذہ کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے۔ حج ہاوس یو پی ایس سی کوچنگ سینٹر سے ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے مسلم طلبہ و طالبات استفادہ کرتے ہیں۔