بھیونڈی میں جمعرات کو کانگریس، بی جے پی اور شیوسینا کے اُمیدواروں نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
اُمیدواروں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی کی شکل میں الیکشن آفس پہنچ کر ریٹرننگ آفیسر کو اپنے کاغذات سونپے۔ بھیونڈی مشرق سے چار اُمیدواروں نے سات فارم اور بھیونڈی مغرب سے 5 اُمیدواروں نے 10 فارم جمع کیے۔
بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقے سے شیوسینا کے رکن اسمبلی روپیش مہاترے نے چار سیٹ فارم، مہاراشٹر نونرمان سینا کے منوج وامن گلوی، آزاد اُمیدوار چودھری واسو دیو نارائن، کانگریسی رہنما و ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر رویندر شندے نے پرانت آفس میں واقع الیکشن آفیسر کو اپنے پرچہ نامزدگی داخل کیے۔
بھیونڈی مغربی اسمبلی حلقے سے کانگریس کے مقامی صدر شعیب خان (گڈو)، بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش چوگلے، ان کی اہلیہ میگھنا مہیش چوگلے، این سی پی کے مقامی سربراہ محمد خالد شیخ (گڈو) اور اشوک شانتا رام بھوسلے نے ریٹرننگ آفیسر کے روبرو دو- دو فارم جمع کیے۔