سابق آئی پی ایس افسر پی کے جین نے ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کے ذریعہ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ پر ہوٹلوں اور بار سے ہر مہینہ 100 کروڑ روپے وصول کرنے کی ہدایت دینے کے الزام کو سنگین قراد دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر کے خلاف اینٹی کرپشن ایکٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔
جین نے کہا کہ 'میرے خیال سے اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمہ کرنا ہی صحیح راستہ ہے۔ انل دیشمکھ کو اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے کیوں کہ پرمبیر سنگھ کو شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے انہیں عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے تو وزیر پر بھی قانون نافذ ہونا چاہیے اور انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنا نہیں چاہیے'۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کی نگرانی میں ایس آئی ٹی سے معاملے کی جانچ کرانی چاہیے، انہوں کہا کہ یہ الگ معاملہ ہے کہ الزام صحیح ہے یا نہیں۔
جین نے دعوی کیا کہ رہنما اگر کسی افسر کو پسند کرتے ہیں، تو انہیں من چاہی تعیناتی دیتے ہیں، اور جو افسر ان کی بات نہیں مانتا تو اسے کنارے لگا دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 1981 کے بیچ کے آئی پی ایس افسر جین مہاراشٹرا اسٹیٹ آئی پی ایس آفیسرز ایسوسی ایشن کے سابق سکریٹری رہ چکے ہیں اور ممبئی پولیس کے پرنسپل سکریٹری (ہوم)، جوائنٹ کمشنر (انتظامیہ) جیسی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔