سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کا یہ واقعہ اس لحاظ سے پر اسرار نظر آتا کہ دو روز قبل ہی ان کی مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں۔
سشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔ اس سانحے پر بالی ووڈ شخصیات سمیت دیگر شخصیات نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی پہلی فلم ’’کائے پو چے‘‘ تھی۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت بہر حال عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ' پی کے' سے ملی۔ سشانت نے 2016 میں فلم ایم ایس دھونی میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی پھندے سے لٹکتی لاش یہاں باندرہ میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔ پولیس نے اداکار کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر لاش کو پھندے سے اتارا۔
پولیس کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ یہ ہے کہ سشانت نے مبینہ طور پر ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی۔ اس حوالے سے بہر حال مزید چھان بین جاری ہے۔
پولیس نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تصدیق تو کر دی ہے لیکن یہ بتاتے ہوئے کہ بظاہر معاملہ خودکشی کا ہے لیکن اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ مبینہ طور پر یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر خودکشی کی۔
واضح رہے کہ ابھی دو روز قبل 12 جون کو سشانت کی مینیجر ڈیشا سالین (28) اپنے گھر پر مردہ پائی گئی تھیں۔ پولیس اس کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت نے اداکاری کی شروعات ڈراموں سے کی تھی، ان کا پہلا ڈراما ' کس دیش میں ہے میرا دل' 2008 میں ریلیز ہوا تھا۔
پہلے ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد سشانت سنگھ راجپوت ڈانس ریئلٹی شو ذرا نچ کے دکھا میں بھی ڈانس کرتب دکھاتے دکھائی دیے، اسی طرح انہوں نے ایک اور معروف ڈانس ریئلٹی شو جھلک دکھلا جا سیزن فور میں بھی شرکت کی۔
بارہ سالہ کیریئر میں سشانت کوئی 20 ایوارڈوں کے لیے نامزد کئے گئے اور 9 ایوارڈز جیتے۔ انہوں نے بہترین ڈیبیو اداکار، بہترین پاپولر اداکار اور بہترین اداکار کے فلم فیئر، اسکرین ایوارڈ اور زی سائن ایوارڈز جیتے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بابو موشی بندوق باز، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدارناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔
ان کی آنے والی فلم ' دل بیچارہ' پچھلے مہینے ہی ریلیز ہونے والی تھی لیکن اسے کورونا کی نظر لگ گئی۔