ممبئی: ثنا خان کہاں غائب ہو گئیں؟ مہاراشٹر کے ناگپور میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون لیڈر کے اچانک لاپتہ ہونے سے تشویش پھیل گئی ہے۔ وہ یکم اگست کو اپنے جاننے والے سے ملنے جبل پور گئی تھیں لیکن وہ گھر واپس نہیں آئی۔ وہ جس شخص سے ملنے گئی تھیں اُسکے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہے، ایسے میں گھر والے اب کچھ ناخوشگوار واقعہ پیش ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں جسکے بعد پولس نے اس معاملے میں اپنی جانچ کو تیز کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ثنا خان، بی جے پی کے اقلیتی سیل سے وابستہ ہیں۔ گھر والے ثنا کی گمشدگی کا ذمہ دار جبل پور کے رہنے والے امت عرف پپو ساہو کو بتا رہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب پپو بھی لاپتہ ہوگیا۔ گھر والوں کے مطابق ثنا یکم اگست کی رات پپو سے ملنے جبل پور گئی تھی۔ اگلے دن یعنی 2 اگست کی صبح ثنا نے اپنی والدہ سے بات چیت کی اور بتایا کہ وہ جبل پور پہنچ گئی ہے لیکن جب شام کو ثنا کو فون کیا تو فون بند تھا۔ ثناء سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا تھا جس کے بعد ثنا کے گھر والے پریشان ہوگئے۔ گھر والوں نے ناگپور کی مانکاپور پولیس میں ثنا کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Shooting Incident In Train: ملزم کو 11 اگست تک پولیس تحویل, ملزم کو دماغی مریض بتانے کی کوشش تیز
پپو، جبل پور میں ایک ڈھابہ چلاتا ہے۔ اس کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔ اس کے ساتھ وہ شراب کے غیرقانونی کاروبار میں بھی ملوث ہے۔ ثناء کے رشتہ داروں نے بتایا کہ پیسوں کے لین دین کو لے کر جھگڑا چل رہا تھا جس کے حل کے لیے پپو نے ثنا کو جبل پور بلایا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق لاپتہ بی جے پی کارکن کی عمر 40 برس ہے جس کی تلاش کی جارہی ہے۔ مہاراشٹر پولیس نے ثنا کی تلاش کے لیے ایم پی پولیس کی مدد لی ہے۔ مانکاپور پولیس بھی جبل پور پہنچ گئی ہے لیکن وہاں بھی ثنا کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایسی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ ایک ماہ قبل ساہو نے ثنا کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ بات ثنا کے گھروالوں نے پولیس کو بتائی۔