قابل ذکر یہ ہے کہ جب اس طرح کے واقعات پیش آرہے تھے تو شردپوار نے پہلے گورنر اورپھر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔
اس تعلق سے فڑنویس نے یہ الزام عائد کیا کہ مہا وکاس آگھاڑی سرکار کورونا کے بحران کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ اس لیے ریاست میں صدر راج نافذ کیا جانا چاہیے ۔اپوزیشن رہنما اور اتحادیوں کی گورنر سے ملاقات کے بعد ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔
جس کے جواب میں این سی پی کے سربراہ شردپوار نے پہلے گورنر سے ہوئی ملاقات اور پھر ادھو ٹھاکرے سے ملاقاتوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اس وقت مشکل ترین صورتحال سے گزر رہی ہے اس مشکل ترین حالات میں ایسے سیاسی بے روزگار لوگ جن کے پاس اس وقت کوئی کام نہیں ہے وہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششوں پر غور و فکر کر رہے ہیں۔
حالانکہ کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہم مسلسل کوششیں کر رہے ہیں ،ریاست اور ممبئی میں کرونا کے مریضوں کی تعداد کس طرح کم ہو؟کنٹمینٹ زون والے علاقوں کو جلد از جلد گرین زون میں تبدیل کرنےکے اقدامات کو عملی جامعہ پہنارہے ہیں۔
مجھے حیرت ہے کہ ریاست کی اس تشویشناک صورتحال میں سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور ان کے اتحادی حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہیں۔
مہا وکاس آگھاڑی سرکار میں شامل تینوں پارٹیاں شیوسینا، کانگریس اور این سی پی ریاست میں پانچ سالوں پر محیط مستحکم حکومت دینے کی کوشش کر رہے ہیں اس کے لیے ہم تمام موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے ہیں یہی نہیں بلکہ ہمارے درمیان کوئی بھی اختلاف نہیں ہے ہم تینوں پارٹیاں پہلے سے نہ صرف زیادہ مضبوط ہوگئے ہیںبلکہ عوامی مقبولیت بھی حاصل ہے۔
پوار نے مزید کہا کہ اس وقت ریاست کو درپیش مسائل اور تشویشناک صورتحال کے باعث ہمیں عوام کے دکھوں کو دور کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں اس وقت وہی لوگ سیاست کر رہے ہیں ،ایسے سیاسی بے روزگار لوگ جنہیں کوئی کام نہیں ہےایسے ہی لوگ مہا وکاس آگھاڑی کے زیر قیادت ادھو سرکار کا تختہ الٹنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
شردپوار نے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری بنگلے پر ملاقات کو ایک رسمی بتاتے ہوئے کہا کہ میں آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے کے انتقال کے بعد سے نہیں جاسکا تھا اس لیے ماتوشری نہیں گیا تھا۔