ممبئی:۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقہ ملاڈکے مالونی کے ویلکم بینکٹ ہال میں ’’عید ملن‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقادکیا گیا جس میں جماعت اسلامی ہند ممبئی کے سیکریٹری شاکر شیخ، اورلم چرچ کے فادر سنیل ڈیسوزا، ہنومان مندر سے پنڈت آر پی شکلا جی، سکھ رہنما گیانی منجوت سنگھ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس پروگرام کی انفرادیت یہ تھی کہ اس میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، بدھ، جین تمام مذاہب کے نمائندوں نے شرکت کرکے ملک کے حالات کے تناظر میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ’یک جہتی‘ کو کس طرح پروان چڑھایا جائے اس پر سیر حاصل تبصرہ کیے۔ Development of the Country is Impossible Without Sectarian Harmony
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا جس کا ترجمہ ہندی اور مراٹھی میں سامعین کے درمیان پیش کیا گیا۔ جماعت اسلامی ہند مالونی کے امیر مقامی انور شیخ نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ممبئی شہر کے نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ امن، بھائی چارہ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بغیر ملک کی ترقی نا ممکن ہے، تمام طبقات کا قومی اتحاد ملک کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کوئی جماعت، کوئی ملک، کوئی قوم اقوامِ عالم کی نگاہ میں عزت و آبرو اور وقار و احترام کا مقام نہیں پاسکتی جب تک کہ اس کے افراد میں یکجہتی اور ہم آہنگی نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی اتحاد کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا تصور بے معنی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جب تک ملک میں باہمی امن و شانتی بحال نہیں ہوتی کسی بھی طرح کی ترقی ادھوری ہے۔ اس موقع پر دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور آپسی بھائی چارے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
- Iftar Party in Shaheen Bagh: شاہین باغ کی افطار پارٹی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال
- تہواروں کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام
پروگرام کے صدر سہیل امیر شیخ نے کہا کہ آج ملک میں نفرت فروخت کی جا رہی ہے۔ ہم محبت کی تجارت کرتے ہیں۔ اپنے اعمال کے سلسلے میں محتاط رہیں اور حق کی تلاش میں رہیں کہ اللہ تعالیٰ ہم سے آخرت میں حساب لے لیں تو ہم شرمندہ نہ ہوں۔ پروگرام کے اختتام پر شارق قاضی نے جماعت اسلامی ہند مالونی کی جانب سے سبھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس پروگرام میں ملاڈ مالونی کی تعلیمی، سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شخصیات میں مولانا نوشادصدیقی، سید انور حسین، حسن شیخ، جابر انصاری کے ساتھ کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔