نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ ریاست مہاراشٹر بالخصوص ممبئی شہر میں کورونا کے بڑھتے معاملات پر قابو پانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے باوجود اس کے عوام کی لا پرواہی و احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں لہٰذا ان حالات میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔
ممبئی شہر میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلم شیخ نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے ریاستی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے وقتاً فوقتاً بی ایم سی اور محکمہ صحت کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں اور حالات پر نظر بنائے ہوئے ہیں لیکن باوجود اس کے کورونا کے معاملوں میں کمی نہیں آرہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خود لاک ڈاؤن کے لیے تیار رہنے کی بات کہی ہے اب یہ عوام پر منحصر ہے کہ وہ سرکاری قواعد کی پابندی کریں ورنہ ممبئی شہر میں بھی لاک ڈاؤن ناگزیر ہے۔
کورونا کی روک تھام میں حکومت پر اپوزیشن کی تنقیدوں کے جواب میں نگراں وزیر اسلم شیخ نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے 80 فیصد نجی ہسپتالوں کے بیڈ بھی اپنے پاس محفوظ رکھیں ہیں نیز نجی ہسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکمل جانچ کے بغیر براہِ راست مریضوں کو داخل نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ 'بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری کا کام حکومت کی جانب سے کیا جا رہا ہے تو وہیں آج ملک بھر میں سب سے زیادہ کورونا کے مریضوں کی جانچ ( ٹیسٹنگ ) مہاراشٹر بالخصوص ممبئی شہر میں ہو رہی ہے اس لیے مریضوں کی تعداد بھی یہاں زیادہ ہے۔
اسلم شیخ نے مزید کہا کہ 'جس طرح سے حکومت نے کورونا کے ابتدائی دور اور فی الوقت مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کے لیے اقدامات کئے ہیں وہ ملک کی دیگر ریاستوں سے کئی گنا زیادہ ہے اور جہاں تک اپوزیشن کی تنقیدوں کا سوال ہے تو یہاں یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ بی جے پی کو عوام کی زندگی سے زیادہ اپنی سیاست پیاری ہے اس لیے چاہے وہ مذہبی مقامات کو کھولنے کے لیے سیاست ہو، بسوں، لوکل ٹرینوں میں عام لوگوں کو سفر کی اجازت دینے کے بات ہو۔ ہر جگہ بی جے پی نے صرف سیاست سے کام لیا ہے۔