جمعہ کو پورے تھانے ضلع میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد 320 تھی لیکن آج نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثر مریضوں کی تعداد تقریباً 370 سے زائد ہوچکی ہے۔
بھیونڈی میں کورونا سے متاثر دو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شہر اور مضافات میں تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی ہے۔ بھیونڈی تعلقہ کے کشیلی اور کون گاؤں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز پانے کے بعد شہر اور مضافات علاقوں زبردست خوف وہراس کا ماحول ہے۔
بھیونڈی کے پرانت آفیسر موہن نلدکر نے کہا کہ' بھیونڈی تعلقہ کے کشیلی گرام پنچایت کی حدود میں تھانے میونسپل کارپوریشن میں تعینات 57 سالہ ملازم کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اسکے اہل خانہ کے تین افراد کو ٹاٹا امنترا واقع قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے اور انکے نمونے جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
دوسرا کورونا متاثر مریض بھیونڈی تعلقہ کے کون گاؤں میں رہائش پذیر ہے اور وہ ممبرا میں تعینات پولیس اہلکار ہے۔ اسے کورونا سے متاثر پانے کے بعد ان کے اہل خانہ کے افراد کو قرنطینہ مرکز میں داخل کیا گیا ہے ۔
پرانت آفیسر کے مطابق دونوں مریضوں کی عمارت اور علاقے کو سیل اور سینٹائز کرنے کا کام جاری ہے۔ ساتھ ہی دونوں کے نزدیکی رابطہ میں آنے والے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے تاکہ انکو کقرنطیہ میں رکھا جائے تاکہ اس مہلک بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔
واضح ہوکہ بھیونڈی شہر میں جمعہ کو پربھاگ سمیتی ایک میں رہائش پذیر دو شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد پورے شہر میں زبردست سراسیمگی پھیل گئی تھی۔ شہر کے متصل دو مختلف علاقوں میں کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہونے سے پورے علاقے میں زبردست خوف کا ماحول ہے۔