مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں کانگریس پارٹی کے مقامی صدر شیخ رشید کی جانب سے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اس کانفرنس میں سابق میئر شیخ رشید نے کہا کہ 25 سال قبل ہی انہوں نے شہر عزیز کے مفاد میں قومی یکجہتی کے پیش نظر شیوسینا سے کانگریس کا اتحاد کیا تھا۔
انہوں نے مخالف پارٹی کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے دو بچے جو اپنے آپ کو زیادہ پڑھا لکھا اور ہوشیار سمجھتے ہیں لیکن وہ اپنی گمراہ کن سیاست سے شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور شیوسینا، کانگریس اتحاد کو بدنام کرنے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے مالیگاؤں میں انڈر گراؤنڈ گٹر کے لئے تعمیر کئے جارہے ایچ ٹی پی پلانٹ سے متعلق گندی سیاست کا الزام اپوزیشن پر لگاتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ گندے پانی پر سیاست کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: او بی سی ریزرویشن کے لئے پوری طاقت کے ساتھ تحریک چلائیں گے : ابو عاصم اعظمی
ایک سوال کے جواب میں میئر شیخ رشید نے کہا کہ آگرہ روڈ کی تعمیر کے لیے 13 کروڑ روپے جاری کیے گئے تھے جس سے کام جاری ہے اس کے علاوہ اس سڑک کے لیے 14 کروڑ روپے مزید مختص کیے گئے ہیں۔ علی اکبر اور واڈیا ہسپتال کے لئے 21 کروڑ روپے پہلے سے مختص ہیں جب کہ مزید پانچ کروڑ روپے کا اور اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے آگرہ روڈ فلائی اوور بریج کی تعمیر میں رخنہ اندازی کی کوشش کی جارہی ہے، اس معاملے میں رکن اسمبلی صرف سیاست کررہے ہیں اگر انہیں کام کرنا ہوتا تو وہ کوشش کرتے۔