مالیگاؤں (مہاراشٹرا) : ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلع صدر آصف شیخ رشید کی شکایت پر آج ممبئی لوک آیوکت میں جسٹس کناڑے کے روبرو سماعت ہوئی۔ شکایت کنندہ آصف شیخ رشید کمرہ عدالت میں موجود تھے اور کارپوریشن کی جانب سے سٹی انجینئر حاضر تھے۔ عدالت نے باقاعدہ سماعت کا آغاز کرتے ہوئے شکایت کنندہ آصف شیخ سے کہا کہ ’’مالیگاؤں کارپوریشن نے آپکی شکایت پر لوک آیوکت کی مداخلت سے جواب دیا ہے جسکی کاپی آپکو بھی دی جارہی ہیں آپ سے پڑھ لیں اور اپنی رائے رکھیں۔‘‘
اس معاملے میں آصف شیخ نے کہا کہ ’’کارپوریشن کا یہ جواب غیر مطمئین ہے، مجھ کو اس جواب کے کاؤنٹر کیلئے مزید وقت دیا جائے۔‘‘ عدالت نے آصف شیخ کی درخواست قبول کی اور کہا کہ آپکی شکایت انتہائی سنجیدہ ہے اور یہ واقعی میں عوامی املاک کے بیجا اصراف پر سوال اٹھاتا نظر آتا ہے اس لئے اس معاملے میں کورٹ میں مکمل سماعت کریگی۔ آصف شیخ نے جسٹس کناڑے سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’’کارپوریشن ایڈمنسٹریٹر بھالچندر گوساوی نے ان پندرہ مہینوں میں کئی ایسے کام کئے ہیں جو عوامی و بنیادی اصول اور قانون کے خلاف ہیں اس لئے ہمیں ان تمام پندرہ مہینوں کے کاموں کے متعلق سپلیمنٹری شکایات شامل کرنے کی اجازت دی جائے۔‘‘ آصف شیخ رشید نے عدالت سے کہا کہ ’’ساتھ ہی وکیل لگانے کی اجازت دی جائے۔‘‘
لوک آیوکت کے جسٹس کناڑے نے آصف شیخ کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے انہیں وکیل لگانے، کارپوریشن کے خلاف مزید شکایت شامل کرنے کی اجازت دی۔ اسطرح کی تفصیلات آج ممبئی لوک آیوکت دفتر سے سماعت کے بعد آصف شیخ رشید نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو دی اور بتایا کہ ’’مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے زیر التواء ٹینڈرز کی انکوائری اور زیر التوا ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے حکم کے حوالے سے ایک شکایتی مکتوب مہاراشٹر لوک آیوکت کو گزشتہ 23 اگست کو دیا تھا۔‘‘
مزید پڑھیں: Malegaon Corporation Building مالیگاؤں کارپوریشن کی عمارت بدعنوانیوں کا شکار
واضح رہے کہ آصف شیخ نے لوک آیوکت سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو تحلیل کیا گیا ہے، اور گزشتہ 14 جون 2022 سے بھالچندر گوساوی کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے اپنے اختیارات سے بلدیہ کا انتظام سنبھالنے کے بعد سے آج تک ایک خاص رقم کے ٹینڈر جاری کیے ہیں۔ لیکن کئی ٹینڈرز میں مقابلہ ہونے کی وجہ سے کچھ سیاسی جماعتوں کے لوگ ٹینڈر ہولڈرز (ٹھیکہ داروں) کو ٹینڈر واپس لینے پر مجبور کرنے کا غیر قانونی کام اور دادا گیری کر رہے ہیں۔ کچھ ترقیاتی کاموں کے لیے قابل اعتراض ٹینڈر کی تفصیلات بھی شکایت میں درج کی گئی تھی جس کی روشنی میں آج 14 ستمبر کو ممبئی لوک آیوکت دفتر میں جسٹس کناڑے کے روبرو سماعت ہوئی۔ آصف شیخ رشید کی جانب سے درج شکایت کو لوک آیوکت نے سنجیدگی سے قبول کرتے ہوئے سماعت کیلئے قبول کیا۔اس شکایت میں انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے 500 کروڑ روپے کے تعمیری کاموں کے ٹینڈرس اور کارپوریشن کے بذریعہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ٹینڈر نوٹس نمبر۔ 4/23-24 کے لیے 7 کروڑ 47 لاکھ کا روڈ کنکریٹائزیشن کا ٹینڈر،IHSDP معاملہ سمیت دیگر اہم کاموں کی شکایت کی گئی تھی، ٹھیکہ داروں پر دباؤ بنانا اور دادا گیری کرنا اور کمشنر پر کمیشن خوری کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسی طرح کارپوریشن کو بھاری مالی نقصان سے بچانے کیلئے لوک آیوکت میں اپیل دائر کی گئی ہے، آئندہ سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔