ریاست میں مرکزی حکومت کی جانب سے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ۔اس اعلان کے بعد ریاستی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرانے میں کا فی مستعد دکھائی دے رہی ہے۔
آج وزیر اعلیٰ اددھو ٹھاکرے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر صوبہ کی عوام کے لیے ضروری اشیاء کی نقل و حمل میں کوئی دشواری پیش آرہی ہو تو 100 نمبر پر ڈائل کرتے ہوئے مدد لی جاسکتی ہے ۔
اسی کے ساتھ ہی وزیر اعلی نے یہ بھی مشورہ دیا کہ ضروری خدمات کی فراہمی کرنے والی کمپنی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی کمپنی کا نام، اسٹیکر اپنی گاڑی پر رکھنا چاہئے۔ تمام کاغذات اپنے پاس رکھیں۔ پولیس مکمل تعاون کرے گی۔ پولیس ضروری سامان سے لدی گاڑیوں کو نہیں روکے گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں زراعت اور کھانوں سے متعلق نقل و حمل خدمات بند نہیں کی گئی ہیں۔ اشیائے ضروریہ سے متعلق مصنوعات بنانے والی کمپنیاں بند نہیں ہوں گی۔
اددھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'میں عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم لوگوں کو زندگی گزارنے سے نہیں روکیں گے بلکہ زندگی گزارنے کے انداز کو تبدیل کر رہے ہیں اس لیے ہم سب کو ایک دوسرے کا تعاؤن کرنا چاہئے'۔
وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ اب آپ کے واٹس ایپ پر کورونا وائرس سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں گی۔ واٹس ایپ پر آگاہ کرنے کے لیے ایک نئی ٹکنالوجی تیار کی گئی ہے۔ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس سے دوچار ہے۔لیکن بہت سے لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں اچھی طرح سے جانکاری نہیں ملتی مگر اب اس ایپ کی مدد سے عوام کو کورونا کے تعلق سے معلومات مل جائیں گی۔
ریاست کے تمام شہری2026127394 پر کال کرکے کورونا کے بارے میں معلومات لے سکتے ہیں۔ فی الحال یہ معلومات انگریزی زبان میں دستیاب ہوں گی۔ جلد ہی مراٹھی میں یہ معلومات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ٹھاکرے نے مزید کہا کہ لوگوں کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنا چاہئے تب ہی ہم یقینی طور پر کرونا پر فتح حاصل کر پائیں گے۔
انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں کی کھڑکیوں کو کھلا رکھیں لیکن اے سی کو بند رکھا جائے۔
دوسری جانب ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے ٹویٹر کے ذریعے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ آج شام 5 بجے تک ظاہر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئے مریضوں میں ضلع سانگلی کے اسلام پور میں رہنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو کرونا سے متاثر پایا گیا جبکہ ممبئی میں پانچ اور تھانہ میں ایک نیا مریض پایا گیا۔
وزیر صحت راجیش ٹوپے کے مطابق ممبئی کے کستوربا اسپتال میں مزید چار کورونا مریضوں کو داخل کرایا گیا ہے۔ اس طرح سے ریاست میں اب کورونا متاثرین کی تعداد 116 ہوگئی ہے۔
ریاست کے نایب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ صوبہ میں دفعہ 144 کرونا کی بڑھتی شدت کو کم کرنے کے لیےافذ کی گئی ہے۔ یہ قدم عام لوگوں کے مفاد میں کیا گیا ہے ، لہذا لوگوں کو اس پر عمل کرنا چاہئے۔ اجیت پوار نے کہا کہ اگر لوگ اس کی پاسداری نہیں کرتے ہیں تو حکومت کو سخت کارروائی کرنا ہوگی۔