جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے فیصلے کا ملک کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے خیر مقدم کیا ہے اور بھارتی جنتا پارٹی کو مبارکبادی کے سلسلے جاری ہیں۔
اس معاملے میں ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں شیوسینا بھون کے باہر ڈھول تاشے اور پٹاخوں کے ساتھ جش منایا گیا جبکہ بی جے پی کے صدر دفتر پر بھی پارٹی کارکنان نے آتش بازی کی۔
بی جے پی کارکنان نے پارٹی دفتر پہنچ کر جشن مناتے ہوئے بھارت ماتا کی جئے کے نعرے بلند کئے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کی حمایت میں بھی نعرے لگائے گئے۔
مہاراشٹر بے جے پی کے صدر چندر کانت پاٹل نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب کشمیر مکمل طور پر بھارت کا حصہ ہے اور اس سے ملک میں اتحاد برقرار رہے۔
جبکہ مہاراشٹر کے وزیر تعلیم ونود تاوڑے نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد آج بھارت کو مکمل آزادی حاصل ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد اب کشمیری باشندگان بھی حکومتی اسکیمز کا فائدہ اٹھا سکیں گے اور اب جموں و کشمیر بھی ترقی کرے گا۔
واضح رہے کہ آج پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی جسے منظوری حاصل ہوئی ہے۔