مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل تھانے میں20 سالہ قدیم مخدوش عمارت کا حصہ منہدم ہو گیا۔ سبھی 30 فلیٹ کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، محکمہ نے عمارت کی آڈیٹ رپورٹ طلب کی ہے۔
تھانے کے رابوڑی سے متصل آکاش گنگا روڈ پر کاروپوریٹر سہاس دیسائی کے دفتر کے قریب ایک 20سالہ مخدوش چار منزلہ 'اجنتا اپارٹمنٹ' نامی عمارت کے پہلے منزلہ کی بالکنی پورا کا حصہ منہدم ہو گیا۔
عمارت کے منہدم سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی ۔ اس بلڈنگ میں کل 30 فلیٹ ہیں۔ عمارت کا حصہ منہدم ہوکر نیچے کھڑی دو ہونڈا ایکٹیوا گاڑیوں پر گرا جس سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہیں تھانے ڈیژاسٹر، فائر بریگیڈ عملہ و دیگر اسٹاف بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
انھوں نے عمارت کا معائنہ کیا اور عمارت خالی کرا کے مکینوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔
ڈیژاسٹر انچارج سنتوش کدم نے بتایا کہ عمارت کی آڈیٹ رپورٹ طلب کی گئی ہے جس کو دیکھنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جاسکے گا کہ یہ عمارت مخدوش عمارتوں کے کس زمرے میں آتی ہے۔
جبکہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت مخدوش نہیں ہے جو بالکنی گری ہے محض اتنے حصہ میں ہی کچھ خرابی تھی ورنہ انکی عمارت قابل رہائش ہے ۔
لیکن تھانے میونسپل کارپوریشن اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔