مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں بی جے پی کے سینئیر لیڈر و سابق وزیر ببن راؤ لونی کر نے ایک پریس کانفرنس میں ریاستی حکومت پر متعدد الزام عائد کیے۔ ساتھ ہی لونیکر نے کہا کہ مراٹھواڑہ واٹر گریڈ پروجیکٹ کے لیے بی جے پی احتجاج کریگی۔ اس دوران انہوں نے ادھو ٹھاکرے حکومت کو کسان دشمن اور عوام دشمن بتایا۔
اورنگ آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے دوران سابق ریاستی وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر ببن راؤ لونی کر نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مراٹھواڑہ کی خشک سالی کو دور کرنے کے لیے بنایا گیا انتہائی اہم ’’مراٹھواڑہ واٹر گریڈ پروجیکٹ ‘‘ کی تکمیل کے معاملے میں موجودہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:مہاراشٹر: عید الاضحی سے قبل کورونا گائیڈ لائن جاری کرنے کا مطالبہ
بی جے پی لیڈر کا کہنا ہے کہ سابقہ فڑنویس حکومت نے اسرائیل ، فرانس اور سری لنکا کے اشتراک سے واٹر گریڈ پروجیکٹ کے لیے بارہ ہزار کروڑ روپئے مختص کیے تھے، بائیس کروڑ روپئے خرچ کرکے اسرائیل سے پروجیکٹ کا ڈی پی آر تیار کروایا گیا تھا، اس پروجیکٹ کے ذریعے ریاست کے گیارہ ڈیموں کو جوڑا جارہا تھا تاکہ مراٹھواڑہ سے خشک سالی کا خاتمہ کیا جائے لیکن موجودہ ٹھاکرے حکومت نے کسانوں کی دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اس پروجیکٹ کو کھٹائی میں ڈال دیا ہے ، اس لیے حکومت کے خلاف ہر محاذ پر احتجاج کیا جائیگا ۔