ضلع جلگاؤں کے شہر بھساول میں بی جے پی کارپوریٹر کے اہلخانہ پر نامعلوم بندوق برداروں نے حملہ کیا جس میں کنبے کے چار افراد سمیت پانچ لوگوں کی موت واقع ہوگئی اور تین افراد زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً دس بجے کے قریب بھساول کے شمتا نگر میں پیش آیا، اس واقعے کے بعد پورے شہر میں سنسی پھیل گئی ہے۔
اس حملے میں بی جے پی کارپوریٹررویندر کھرات عرف ہمپی (50)، ان کے بھائی سنیل کھرات (55)، اور ان کے دو بیٹے پریم ساگر کھرات (28)، روہت عرف سونو کھرات سمیت اس کے دوست سمت گجرے (25) سمیت ایک دیگر شخص کی موت ہوگئی۔
رویندر کھرات کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ ان کی بیوی رجنی کھرات اور ان کے چھوٹے بیٹے ہتیش کھرات سمیت ایک دیگر شخص بھی اس حملے میں شدید زخمی ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار بندوق برداروں نے کھرات خاندان پر اندھا دھند فائرنگ کی اور وہاں سے فرار ہوگئے۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کے پولیس افسر گجانن راٹھوڑ سمیت دیگر افسران جائے واردات پر پہنچے اور پولیس نے اس معاملے میں اب تک تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔