مہاراشٹر میں اس سے قبل بی جے پی رہنما پنکجا منڈے نے اپنی ہی پارٹی کے خلاف باتیں کہی تھیں اب ان کے بعد بی جے پی کے سینیئر رہنما بھی اپنی ہی پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔
ایکناتھ کھڑسے نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا دعوی کیا ہے کہ حالیہ دنوں کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے چند اہم رہنماؤں اور کارکنان نے ہی پارٹی کو نقصان پہنچانے کا کام کیا۔
کھڑسے نے انتباہ دیا ہے کہ اگر پارٹی میں انھیں اہمیت نہیں دی گئی تو وہ دوسرا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔
کھڑسے کا یہ بھی کہنا ہے کہ' پارٹی کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کے آڈیو اور ویڈیو انھوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر چندر کانت پاٹل کو پیش کیے تھے اور اس تعلق سے ایسے رہنماؤں پر کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کھڑسے سے پارٹی سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے اس قبل بھی انھوں نے پارٹی کے فیصلوں پر سوال اٹھائے ہیں۔
رواں برس اکتوبر میں مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے جس میں بی جے پی نے اپنے سینیئر رہنما ایکناتھ کھڑسے کو ٹکٹ نہیں دیا تھا اور اسی سبب کھڑسے اپنی پارٹی سے ناراض بتائے جارہے تھے۔
اس کی بجائے بی جے پی نے کھڑسے کی بیٹی روہنی کھڑسے کو ضلع جلگاؤں کے حلقۂ اسمبلی مکتائی نگر سے اپنا امیدوار بنایا تھا لیکن وہ اس انتخاب میں ہار گئی تھیں۔