ریاست مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ اور بھی دیگر ریاستوں میں گزشتہ روز برڈفلو کے پھیلنے کی تصدیق ہوئی ہے۔مدھیہ پردیش، راجستھان، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، دہلی، ہریانہ، اترپردیش اور گجرات میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ جبکہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناسک کے محمکہ تحفظ، محمکہ صحت سمیت اعلی افسران نے واضح کیا ہے کہ انڈے اور گوشت وغیرہ کے استعمال سے کوئی خطرہ نہیں ہے.شہریان انڈے اور گوشت کا استعمال اچھی طرح صاف کرکے کریں۔
ایسے میں شہر مالیگاؤں کی عوام خوف و ہراس میں مبتلا ہیں، لیکن کہتے ہیں نہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔لیکن اس دہشت سے پولٹری کا کاروبارکرنے والوں کو نقصانات بھی ہو رہے ہیں۔برڈ فلو کی وجہ سے برائلر مرغے مرغیوں کے استعمال سے پرہیز کیا جارہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ شہر مالیگاؤں میں برائلر مرغے مرغیوں کو معمولی قیمت میں فروخت کیا جارہا ہے.
گزشتہ کچھ دنوں سے شہر کے اہم مقامات، چوک چوراہوں، بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں سستے دام میں زندہ مرغے فروخت کئے جارہے ہیں۔کچھ لوگ بڑے پیمانے پر زندہ مرغوں کی خریداری کرتے نظر آرہے ہیں اور کچھ برڈفلو کے خوف سے برائلر مرغے مرغیوں اور انڈے کا استعمال کرنے سے پرہیز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ برڈ فلو پھیلنے کے پیش نظر مرکز نے 10 ریاستوں میں برڈ فلو کی تصدیق کے بعد الرٹ جاری کیا ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ملک کے مختلف حصوں میں برڈ فلو کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر تمام ریاستوں سے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محتاط رہنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مقامی انتظامیہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ آبی ذخائر، چڑیا گھروں اور پولٹری مراکز کے اطراف کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائے۔
دس جنوری تک سات ریاستوں کیرالہ، راجستھان، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، ہریانہ، گجرات اور اترپردیش میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کی تصدیق ہوئی تھی۔وہیں سوموار کے روز دہلی، اتراکھنڈ اور مہاراشٹر میں بھی اس وائرس کے انفیکشن کی تصدیق ہوگئی ہے۔