اس حادثہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی شاہ پور پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کا پنچنامہ کر سول اسپتال روانہ کر دیا۔
پولیس نے معاملہ درج کر حادثہ کے ذمہ دار واٹر ٹینکر کو قبضہ میں لیتے ہوئے فرار ٹینکر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھیونڈی شہر سے ملحق کھاڑی پار رسول آباد علاقے میں رہائش پذیر ساحر حسین شیخ 35 برس نامی نوجوان اتوار کی صبح بھیونڈی شہر سے اگت پوری کے لیے ایک گروپ کے ساتھ اسپورٹس بائک سے رائڈنگ اور تفریح کے لیے نکلا تھا۔
اگت پوری پہنچ کر ایک ہوٹل میں چائے ناشتہ کرنے کے بعد پورا گروپ بھیونڈی واپس لوٹ رہا تھا تب ہی ممبئی ناسک شاہراہ پر واقع شاہ پور سے تقریباً آٹھ کلو میٹر پہلے لاہے پھاٹا نامی علاقے میں اچانک ایک تیز رفتار پانی کے ٹینکر ایم ایچ 04 ای بی 8328 کی زد میں آنے سے ساحر شیخ کی اسپورٹس بائک ٹینکر کے پچھلے پہیہ میں چلی گئی۔
اس حادثہ میں ساحر کے سر میں شدید چوٹ لگی جس کے سبب اس کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی اور موٹر سائیکل پوری طرح چکنا چور ہوکر تباہ ہوگئی۔
اس حادثہ کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا، بتایا جاتا ہے کہ اس دلخراش سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والا نوجوان ساحر شیخ دواؤں کا کاروبار کرنے کے ساتھ ہی اسپورٹس بائک رائڈنگ کا کافی شوق رکھتا تھا اور عموماً ہر ہفتہ ایک رائڈر گروپ کے ساتھ اگت پوری سمیت مختلف علاقوں میں تفریح کرنے نکلا کرتا تھا۔