ریاست مہاراشٹر کے پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس وبا پر کنٹرول کرنے کے لیے فائیو ایکشن پلان تیار کیا ہے۔
کورونا متاثر مریضوں کو فوراً علاج شروع کرنا تاکہ ہونے والی اموات پر قابو پایا جاسکے، اور ساتھ ہی کورونا کے مشتبہ مریضوں کی جانچ کے ساتھ ہی ان کی شناخت کرکے ڈور ٹو ڈور سروے کے ساتھ ہی سماج میں یقین دلاتے ہوئے کورونا وائرس کا خوف شہریوں سے نکالنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اس ایکشن پلان سے چند دنوں میں کورونا وائرس وبا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں کمی کے ساتھ ہی شہر کے حالات میں تبدیلی آئے گی۔
واضح رہے کہ اَن لاک 1.0 کے بعد بھیونڈی میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی لگاتار بڑھتی تعداد کے ساتھ ہی کورونا متاثر افراد کی ہلاکت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
میونسپل کمشنر کے مطابق بھیونڈی میں کورونا متاثر مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح فی الحال 40 فیصدی ہے، اس لیے ہسپتالز پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، تاہم شہر کے واحد اندرا گاندھی ہسپتال کے سو بیڈ پر کووِڈ-19 سے متاثر مریض داخل ہیں، جس کی وجہ سے دوسرے ہسپتالز میں انتظام کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر کے ہر پربھاگ میں ایک نوڈل آفیسر کی تعیناتی کے ساتھ ہی ایک ایمبولینس کا انتظام کیا گیا ہے۔