اس سیمینار میں اردو ادب کی سمت اور رفتار کو جدید تقاضوں سے کیسے آگے بڑھا جاسکتا ہے اس پر روشنی ڈالی گئی۔
دہلی کے معروف نقاد وادیب پروفیسر عتیق اللہ نے سیمینار میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کی شیرینی، وسعت اور ہمہ گیریت کا زمانہ قائل ہے اردو کی کسی بھی صنف نے ہمیشہ بدلتی قدروں اور جدید تقاضوں کا احاطہ کیا ہے لیکن موجودہ دور میں ادب پر ابہام کی کیفیت طاری ہے۔
این سی پی یو ایل، ڈاکٹر رفیق زکریا سینٹر فار ہائیر لرننگ اور کریسنٹ ایجوکیشن آیند ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس سمینار میں ملک کی مختلف ریاستوں کے نامور ادیبوں اور ریسرچ اسکالرز نے شرکت کی۔
این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد نے اس سمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اس موقع پر انھوں نے سمینار کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا اور اس بات کی امید ظاہر کی کہ یہ سمینار ادب کو نئی جہت عطا کرے گا۔
دو سیشن میں ہوئے اس سمینار میں بارہ سے زائد ریسرچ اسکالرز نے منفرد اور اچھوتے موضوعات پر اپنے مقالے پیش کیے ان مقالہ جات کی کافی ستائش کی گئی اور امید ظاہر کی گئی کہ ادب کو نئی سمت عطا کرنے میں یہ کاوش کارگر ثابت ہوگی۔