سرکاری ملازمت سے سبکدوش سید ماجد جناح نے گزشتہ دس سال میں سات کتابیں تحریر کر ڈالی ہیں، حیران کن بات یہ ہے کہ سید ماجد کا کبھی بھی ادبی شعبے یا حلقے سے کوئی واسطہ نہیں رہا۔
![ایک تقریب میں ماجد جناح کی کتابوں کا اجرا عمل میں آیا](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/9247750_253_9247750_1603200526544.png)
اورنگ آباد کے ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے سید ماجد جناح پیشے کے اعتبار سے اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن میں ملازم رہے ہیں۔
کارپوریشن کے مختلف شعبہ جات میں انھوں نے خدمات انجام دیں لیکن مطالعے کا شوق اور بزرگان دین سے نسبت کا نتیجہ یہ نکلا کہ اپنے پیرو مرشد کی سوانح لکھنے کی جستجو میں انھوں نے کئی کتابوں کی ترتیب و تالیف کا کام انجام دیا۔
![سید ماجد جناح نے گزشتہ دس سال میں سات کتابیں تحریر کر ڈالی](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/9247750_518_9247750_1603200551493.png)
سید ماجد جناح کی اب تک چھ کتابیں شائع ہوچکی ہیں جن میں 'آئینہ جہاں نما' سب سے ضحیم کتاب ہے۔ یہ کتاب تقریباً ایک ہزار صفحات پر مشتمل ہے اور منگل کے روز ایک تقریب میں ماجد جناح کی کتابوں کا اجرا عمل میں آیا ۔
سید ماجد جناح کی کتاب آئینہ جہاں نما مختلف مضامین کا مجموعہ ہے، اس کے علاوہ اورنگ زیب عالمگیر، ملک عنبر، مغل شہنشاہ اکبر اعظم اور اولیأ کرام پر انھوں نے کتابیں لکھی ہیں۔
نئی نسلوں کو اپنی تاریخ اور تہذیب سے روشناس کروانے کی جستجو میں ان کتابوں کو ازسر نو منظر عام پر لایا گیا ہے۔
سید ماجد جناح کی ایک کتاب 'کشکول جناحی' زیر طباعت ہے جو جلد ہی منظر عام پر آئے گی، اس کتاب میں خلفائے راشیدین کے واقعات کو پیش کیا گیا ہے۔