اسدالدین اویسی کی ریلی دلت بستی لکشمی کالونی، چھاونی سے شروع ہوئی جو جے سنگھ پورہ ، گھاٹی، ٹاؤن ہال بڈی لین ہوتے ہوئے روہیلہ گلی لوٹاکارنجہ میں اختیام کو پہنچی۔
اس پیدل ریلی میں اے ایم آئی ایم کے سربراہ نے گھر گھر پہنچ کر بزرگوں، سن رسید ہ خواتین ، سینکڑوں نوجوانوں، کاروباریوں اور عام لوگوں سے ملاقات کی۔
خواتین سے خصوصی طور پر امتیاز جلیل کے حق میں دعاؤں کی درخواست کی اور ونچت اگھاڑی کے امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
اس موقع پر نوجوانوں نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ جگہ جگہ اسدالدین اویسی کی گلپوشی کی گئی، راستوں پر آتش بازی کی گئی۔
اسی طرح ٹاؤن ہال علاقے میں دلت خواتین نے خاص طورپر اسدالدین اویسی کاخیر مقدم کیا اور ان کی گلپوشی کے ساتھ ہی امتیاز جلیل کو نیلا شملہ پہنایا گیا۔
بڈی لین علاقے میں بھی اسد اویسی کا استقبال کیا گیا، ریلی میں اسدالدین اویسی نے تقریباً 600 سے زائد افراد سے ملاقات کی اور امتیاز جلیل کو کامیاب کرنے کی اپیل کی۔
روہیلہ گلی علاقے میں ایک ددرویش سے اسدالدین اویسی کی ملاقات ہوئی تو ایم آئی ایم سربراہ نے برجستہ کہا کہ دو فقیر ایک جگہ جمع ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ میں بھی اورنگ آباد کی غیور عوام سے ووٹوں کی بھیک مانگنے آیا ہوں۔اس موقع پر اسدالدین اویسی کی خواہش پر دورویش نے دلنشین انداز میں باری تعالی کی شان میں حمد پیش کی ۔