گزشتہ ماہ 22 مئی کو ارسلان کے قتل کا معاملہ پیش آیا تھا جس میں مقتول کے والد نے آزاد نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی اور آزاد نگر پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز (8 جون) کو فیضان نام کے 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا۔
گرفتار فیضان نے پولیس کے سامنے قتل کے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بدفعلی کے مقصد سے ارسلان کو اغوا کیا تھا لیکن اس میں ناکامی کی وجہ سے طیش میں آ کر اس نے ارسلان کے سر پر پتھر مار کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور ایک زیر تعمیر عمارت میں لاش پھینک دی تھی۔
پولیس نے شہر کے کئی علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالی اور 8 جون کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے ایک سائیکل سوار کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کی تھی جس میں ملزم نے اعتراف جرم کر لیا۔
پولیس نے ملزم کی شناخت فیضان اختر عبدالرحیم(20 سال) کے طور پر کی ہے جو کہ شہر کے دت نگر گلی 3 کا ساکن ہے۔
ملزم فیضان اختر کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کو پانچ دن کی پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔