مالیگاؤں: مدارس کے اخراجات، مخیران قوم کی امداد کے ذریعے پورے کیے جاتے ہیں اور اسی لیے ان مدارس کی دیکھ ریکھ اور اس میں زیر تعلیم طلباء کی کفالت کی غرض سے چندہ جمع کرنے کے لیے رمضان المبارک میں مختلف شہروں و گاؤں کے سفراء مالیگاؤں کا رخ کرتے ہیں۔ مختلف ریاستوں کے مدارس اپنے نمائندے ملک کے دیگر حصوں میں بھیجتے ہیں تاکہ وہ چندہ اکٹھا کرسکیں اور سال بھر مدارس کے اخراجات چلائے جاسکیں۔ Arrangement of Sehri and Iftar for The Representatives of Madrasas in Malegaon
انہی سفیروں کی ایک بڑی تعداد مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں بھی پہنچتی ہے، چونکہ مالیگاؤں کو مسجدوں اور میناروں کا شہر کہا جاتا ہے اور ملک بھر میں اس شہر کی ایک منفرد شناخت ہے۔ اس لیے ملک کی تقریباً تمام ریاستوں کے سفراء بڑی تعداد میں مالیگاؤں آتے ہیں۔ اس تعلق سے جمعیت العلماء (مدنی روڈ) اور جمعیت العلماء (سلیمانی چوک) کی جانب سے ہزاروں سفراء کو تصدیق نامہ جاری کیا جاتا ہے اور ان کے قیام و طعام کا انتظام 'سلیمانی مسجد سحری کیمٹی' کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ Sulemani Masjid Sehri Committee
اس تعلق سے سلیمانی مسجد سحری کمیٹی کے ذمہ دار مولانا عبدالقیوم قاسمی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ چیف ٹرسٹی حاجی محمد اسحاق کی سرپرستی میں گزشتہ 6 برسوں سے سلیمانی مسجد میں رمضان المبارک کے پیش نظر سفراء مدارس کے لیے سحری کا انتظام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات 12 بجے تک سفراء کا نام لکھ کر انہیں نمبر کارڈز تقسیم کردیا جاتا ہے، پھر جتنے سفراء کا نام درج ہوتا ہے اس کے مطابق سحری کے لیے کھانا بنایا جاتا ہے ۔
سحری کمیٹی کے ایک خادم نے بتایا کہ یہاں ہر روز مختلف قسم کے پکوان بنائے جاتے ہیں اور کھانے کے بعد سفراء مدارس کو دودھ سے بنی ہوئی اشیاء بھی دی جاتی ہیں۔ وہاں موجود ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک نمائندے نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے مالیگاؤں آرہے ہیں اور ہر سال سلیمانی مسجد میں قیام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیمانی مسجد میں سفراء کے لئے بہترین سحری کا انتظام کیا جاتا ہے جب کہ دیگر شہروں میں سفراء کو کافی پریشانی ہوتی ہے۔ اس معاملے میں سفرا نے سلیمانی مسجد سحری کمیٹی کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نیک خواہشات سے نوازا ہے۔ واضح رہے کہ توکل مسجد اور مقامی راشٹروادی کانگریس پارٹی کی رابطہ آفس پر سفراء مدارس کے لیے افطار کا اہتمام کیا گیا ہے۔