ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں لاشوں کی حفاظت کے لیے مسجد جمیل بیگ میں ڈیپ فریزر کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضرورت مند بلامعاوضہ کسی بھی وقت اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ جمیل مسجد کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ذات پات اور مذہب کی کوئی قید نہیں ہے اور انسانی بنیادوں پر خدمت کا عزم کیا گیا ہے۔
کورونا وبا کے دوران مہلوکین کی لاشوں کا تحفظ ایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آیا تھا۔ لاشوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے مقصد سے تعمیر ملت اورنگ آباد نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ تعمیر ملت کی اورنگ آباد شاخ نے دو ڈیپ فریزر کا انتظام کیا ہے، یہ ڈیپ فریزر مفاد عامہ کے تحت مسجد جمیل بیگ میں رکھے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آگ متاثرین کو نئے راشن کارڈ کا تحفہ
تعمیر ملت کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اہل خیر حضرات کے تعاؤن سے اس کام کو مکمل کیا گیا ہے اور اب یہ عوام کے لیے 24 گھنٹے مفت میں دستیاب رہے گا۔
انسانی ضروریات کے تحت ذات مذہب کی کوئی قید نہیں ہے، ہر ضرورت مند اس سہولت کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ تعمیر ملت اورنگ آباد شاخ فلاحی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔