وہ اورنگ آباد میں ایم آئی ایم کے لیے انتخابی تشہیر کے لیے آئے تھے اور اسی مناسبت سے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ایم آئی ایم کے سربراہ و حیدرآباد سے رکن پارلیمان اویسی نے اپنے خطاب میں اس بات کا عزم بھی کیا کہ اورنگ آباد کی تینوں سیٹوں پر ایم آئی ایم کا قبضہ ہوگا اور مہاراشٹر میں 'جے بھیم، جے میم' کی آندھی چلے گی۔
ایم آئی ایم کے جلسے میں پہلی مرتبہ کچھ ناراض افراد نے پوسٹر لیکر نعرے بازی کی جس کی وجہ سے جلسے میں تھوڑی دیر کے لیے بدامنی بھی پیدا ہوئی۔
ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اورنگ آباد دورے سے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم کا آغاز کیا، شہر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، ایم آئی ایم صدر نے امتیاز جلیل کی کامیابی کو کمپوزٹ کلچر کی کامیابی قرار دیکر عوام کا شکریہ ادا کیا، اور دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں مودی کا مقابلہ صرف ایم آئی ایم ہی کرسکتی ہے، اسی طرح اورنگ آباد کی تینوں سیٹوں پر ایم آئی ایم کےامیدوار اپنی جیت درج کریں گے ۔
اویسی نے اپنی تقریر میں گاندھی جی کو عدم تشدد اور انصاف کا علمبردار قرار دیا۔ ساتھ ہی ملک میں جاری ہجومی تشدد، مہاراشٹر میں کسانوں کی خودکشیاں اور دیگر مسائل پر حکومت پرشدید نکتہ چینی کی، اسد الدین اویسی نے یہ بھی کہا کہ گاندھی جی نے مسلمانوں کو انصاف دلانے کے لیے موت کو گلے لگایا اور موجودہ دور کے ماڈرن گوڈسے ملک کو ختم کرنے کے درپے ہیں، اس ملک اور دستور کو بچانا اب ملک کے سوا سو کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے ۔
اسد اویسی نے اپنی تقریر میں این آر سی کے معاملے پر وزیر داخلہ امت شاہ پر شدید نکتہ چینی کی، تین طلاق کے موضوع پر درپردہ وزیراعظم کو نشانہ بنایا، اس جلسے میں ایم آئی ایم کے سابق شہر صدرجاوید قریشی کے حامیوں نے پلے کارڈ اور بینر لیکر جاوید قریشی کے حق میں نعرے بلند کیے، جس کی وجہ سے وقتی طور پر بدامنی پیدا ہوئی، لیکن کچھ دیر بعد حالات قابو میں آگئے، ایم آئی ایم سربراہ نے اپنے خطاب میں ڈھکے چھپے انداز میں ناراضگی کا اظہار کیا، تاہم ایم آئی ایم رکن پارلیمنٹ امتیازجلیل نے اپنی تقریر میں کہا کہ مجلس کو غیروں سے نہیں اپنوں سے ہی خطرہ لاحق ہے ۔
اسد الدین اویسی نے اپنی جذباتی تقریر میں اورنگ آباد شہر سے والہانہ محبت کا اظہار کیا اور یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ انتقال کی صورت میں انھیں اورنگ آباد میں ہی جگہ دی جائے۔
اسد اویسی نےاپنی تقریر میں مہاراشٹر پولیس کی یہ کہہ کر ستائش کی کہ مہاراشٹر پولیس نے پاکستانی دہشت گردوں سے لوہا لیا تھا، لیکن 45 منٹ کی تقریر میں ایم آئی ایم سربراہ نے کشمیر سمیت کئی حساس موضوعات پر لب کشائی سے گریز کیا۔