ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں مراٹھا ریزوریشن کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کے درمیان ممبئی میں بھی مسلم ریزرویشن کیلئے سماجوادی پارٹی نے تحریک شروع کر دی ہے۔
آج مہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے بھنڈی بازار سے آزاد میدان تک مسلم ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر سائیکل ریلی نکالی لیکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیچ میں ہی سائیکل ریلی کو روک دی۔ ابوعاصم اعظمی نے مسلمانوں کو ریزرویشن دئیے جانے کے ہائیکورٹ کے فیصلہ کو بحال کر نے کا بھی مطالبہ کیا۔
سماجوادی پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے انصاف کرو مسلمانوں کو پانچ فیصد ریزرویشن دو کا پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا۔ اس کے ساتھ سائیکلوں پر سماجوادی پارٹی کے جھنڈے بھی تھے۔ سماجوادی پارٹی کے دو اراکین اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور رئیس شیخ نے مسلم ریزرویشن کے مطالبہ پر اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا بھی سرکار کو الٹی میٹم دیا ہے۔
اعظمی نے یہاں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مراٹھا ریزرویشن کے مخالف نہیں ہے لیکن اس کے ساتھ مسلمانوں کو بھی ریزرویشن دیا جانا چاہئے کیونکہ مسلمانوں کو پسماندگی کے اعتبار سے ہائیکورٹ نے تعلیمی اور معاشی میدان میں ریزرویشن دئیے جانے کے فیصلہ کو برقرار رکھا ہے۔
اس کے باوجود سرکار اسکا نفاذ نہیں کر رہی ہے سرکار مسلمانوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو بھی اپنا ووٹ سوچ سمجھ کرر ہی دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کی سرکار میں سیکولر سرکار تھی اس کے باوجود مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم نہیں کیا گیا۔ جب ہم نے ایوان اسمبلی میں پانچ فیصد ریزرویشن کا مطالبہ کیا تو این سی پی لیڈر اور وزیر اقلیتی امور نواب ملک نے مسلمانوں کو ریزرویشن دینے سے ہی انکار کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکولر پارٹیوں کی نیت ہی نہیں ہے کہ مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم کیا جائے لیکن سماجوادی پارٹی پوری شد و مد کے ساتھ ریزرویشن کیلئے تحریک شروع کر چکی ہے
یہ بھی پڑھیں:Maharashtra State Waqf Board مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ بھرتی امتحان ملتوی
سماج وادی کے رکن اسمبلی نے کہا کہ ہندو تنظیمیں ہندو سرکل سماج بلا اجازت ریلی نکالتی ہیں پولیس اس پر کوئی کارروائی نہیں کرتی لیکن جب ہم مسلمانوں کے حق کیلئے جمہوری طریقہ سے احتجاج کیلئے اجازت طلب کر تے ہیں تو ہمیں اس کیلئے اجازت نہیں دی جاتی یہ سراسر نا انصافی ہے۔مسلمانوں کے حقوق کیلئے سماجوادی پارٹی نے یہ تحریک شروع کر رکھی ہے لیکن پولیس نے ہمارے احتجاج کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس فورس تعینات کر دی سماجوادی کارکنان جیسے ہی آزاد میدان کی جانب کوچ کر نے کیلئے آگے پیش قدمی کر نے لگے تو پولیس نے رکاوٹ لگا کر انہیں روک کر وین میں بھر دیا بعد ازاں انہیں آزاد میدان میں لیجاکر رہا کر دیا گیا۔