ممبئی: بہار کے دارالحکومت پٹنہ اور کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں نو تشکیل شدہ اپوزیشن اتحاد انڈیا کی مشترکہ میٹنگ ہونے کے بعد اب تیسری میٹنگ 25 اور 26 اگست کو مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں منعقد ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اس میٹنگ کا اہتمام ادھو ٹھاکرے گروپ کی شیو سینا اور شرد پوار کی قیادت والی این سی پی کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھوراٹ اور ریاستی صدر نانا پٹولے جلد ہی این سی پی کے صدر شرد پوار سے ملاقات کرکے میٹنگ کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔ یہ بھی توقع ہے کہ میٹنگ میں مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی اتحاد کے اگلے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی جائے جس اتحاد میں کانگریس، ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا اور شرد پوار کی قیادت والی این سی پی شامل ہے۔
ادھو ٹھاکرے گروپ کے ایم ایل اے سچن اہیر چاہتے تھے کہ کانگریس پارٹی انڈیا کی آئندہ میٹنگ ممبئی میں منعقد کرے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ اس سلسلے میں اپوزیشن اتحاد مشترکہ طور پر فیصلہ کرے گا۔ لیکن اس پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہے کہ انڈیا کا چہرہ کون ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
- انڈیا پر سوال اٹھانے والے دراصل بھارت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، کانگریس کا بی جے پی کو جواب
- چھبیس اپوزیش جماعتوں کے اتحاد 'انڈیا' نے ایک اجتماعی قرارداد جاری کی
قابل ذکر ہے کہ 26 بڑی سیاسی جماعتوں کے اپوزیشن لیڈروں نے 17 اور 18 جولائی کو کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ہونے والی مشترکہ اپوزیشن میٹنگ میں اپنے اتحاد کا نیا نام انڈیا (انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس) کا اعلان کیا تھا۔ اس سے پہلے 23 جون کو بہار کی راجدھانی پٹنہ میں پہلی مشترکہ اپوزیشن میٹنگ ہوئی تھی جس میں 15 سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے شرکت کی تھی۔