مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں واقع میونسپل کارپوریشن سے لاکھوں روپیوں کی قیمتی بیٹری چوری ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
ریاست کے ضلع مالیگاؤں میں پولیس کنٹرول روم سے ملی تفصیلات کے مطابق قلعہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع مونسپل کارپوریشن سے چوری کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ کارپوریشن میں آئے دن کوئی نا کوئی واقعہ رونما ہو رہا ہے۔
چند ماہ قبل کارپوریشن واڈیا دواخانہ کے اندر کھڑی گاڑیوں سے کسی نا معلوم شخص نے گاڑیوں کی بیٹری پر ہاتھ صاف کیا تھا۔ گذشتہ کچھ ماہ پہلے کووڈ سینٹرز پر بڑے پیمانے پر چوری ہوئی تھی۔
اس معاملے میں عوام نے انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور یہ الزام عائد کیا ہے کہ کارپوریشن انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کارپوریشن میں چوری کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس سے عوام کا بڑے پیمانے پر نقصان ہورہا ہے۔
موصول اطلاع کے مطابق مونسپل کارپوریشن کی نئی عمارت مولانا ابوالکلام آزاد بھون میں کھڑی گاڑیوں سے 18 قیمتی بیٹریاں نامعلوم چور نے چوری کر کے راہ فرار اختیار کرلی۔
چوری شدہ بیٹریوں کی قیمت 3 لاکھ 20 ہزار کی بتائی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں قلعہ پولیس عملہ تحقیقات کر رہا ہے۔