ریاستی اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران کورونا وائرس پرمختلف اراکین کی جانب سے پوچھےگئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر سفر نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی بھیڑ والے مقامات پر جانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے مختلف نجی اداروں سے درخواست کی ہے کہ اس خوفناک بیماری کے پیش نظر ملازمت پیشہ افرا د کو دفاتر میں طلب نہیں کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست کے ممبئی شہر، نئی ممبئی، تھانہ، پونے، پمپری چنچوڑ، ناگپور میں سنیما گھر ، ملٹی پلیکس، جمنانشیم، سویمنگ پول 30 مارچ تک بند رکھیں جائیں گے۔ نیز جب تک اس تعلق سے مزید سرکاری احکامات جاری نہیں کیے جائیں گے تب تک ان اداروں کے کھولے جا نے پر پابندی عائد رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پونہ پمپڑی چنچوڑ میں جہاں سب سے زیادہ 10 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ان علاقوں میں اسکول اور کالج بھی بند رہیں گے سوائے ان تعلیمی اداروں کے جہاں دسویں اور بارہویں کے امتحانات منعقد کیے جارہے ہوں۔
حکومت اسکول کالج اور یونیورسٹی کے امتحانات کو بھی ملتوی کرنے کے تعلق سے جلد ہی فیصلہ کریگی۔
ریاست میں حکومت کی جانب سےمنعقد ہونے والی تمام تقاریب کو بھی فی الوقت منسوخ کیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔