بھوپال میں ریاستی مہیلا کانگریس کے کارکنوں نے جمہوریت کی ارتھی نکال کر احتجاج کیا۔ مودی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی پر جس طرح سے کارروائی کی گئی ہے، یہ جمہوریت کا قتل ہے اور اس کے لیے ہم ان کی ارتھی نکال رہے ہیں۔
پارلیمنٹ سے راہل گاندھی کی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد راہل کی حمایت میں ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔مدھیہ پردیش مہیلا کانگریس کے کارکنوں نے بھوپال کے روشن پورہ میں ضلع کانگریس دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ جمہوریت کی ارتھی اٹھاتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ اس ارتھی کو کندھا دیتے ہوئے مہیلا کانگریس کے کارکنان سڑک پر نکل آئے اور نعرے لگائے۔
مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر ویبھا پٹیل نے کہا کہ مودی حکومت نے جس طرح جمہوریت کو شرمندہ کیا ہے یہ باعث شرم ہے، راہول گاندھی کی رکنیت منسوخ کردی گئی ہے۔ ایسے میں یہ جمہوریت کا قتل ہے اور ہم جمہوریت کی ارتھی نکال کر اپنے احتجاج کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی اس معاملے میں خاموش نہیں بیٹھنے والی ہے اور سڑکوں پر مسلسل احتجاج جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں:Rahul Gandhi Press Conference میں نے وزیر اعظم کی آنکھوں میں خوف دیکھا ہے: راہل گاندھی
واضح رہے کہ راہول گاندھی کی حمایت میں کانگریس ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے اور مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ دراصل جمعہ کو ہی راہل گاندھی کو ایک معاملے میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد پارلیمنٹ سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا، جس کے بعد کانگریس میں غصہ ہے، ایسے میں سڑکوں سے لے کر ایوان تک اس کی مخالفت کی جا رہی ہے۔