مدھیہ پردیش میں آئین بچائیں ملک بچائیں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینیئر رہنما دگ وجے سنگھ نے مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ' پاکستان نژاد عدنان سمیع کو پدم شری ایوارڈ سے کیوں نوازا گیا جس کے والد نے پاکستانی فضائیہ میں اپنی خدمت کو انجام دیتے ہوئے بھارت پر بم برسائے تھے۔'
انہوں نے کہا کہ 'سمیع ایک فنکار ہے جو پاکستان سے آیا ہے۔ اسے 2016 میں مودی حکومت کے دوران بھارتی شہریت ملی ہے۔ اس نے کبھی کچھ ایسا نہیں کیا ہے جس کے لیے اسے پدم کے اعزاز سے نوازا جائے۔'
کانگریس کے سینیئر رہنما دگ وجے سنگھ نے کہا کہ 'پاک فضائیہ کا جنگی طیارہ اڑاتے ہوئے سمیع کے والد نے ہمارے ملک میں بم گرائے تھے۔ '
انہوں نے مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'اس کے برعکس آسام کے بھارتی فوج کے افسر ثناء اللہ جو دشمن کے خلاف لڑا تھا اسے حراستی کیمپ میں بھیج دیا گیا، یہ مودی حکومت کا شہریت قانون ہے۔'
واضح رہے کہ سمیع نے 2015 میں بھارتی شہریت کے لیے درخواست دی تھی اور جنوری 2016 میں انہیں بھارتی شہریت حاصل ہو گئی۔
حال میں ہی نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے جن 118 لوگوں کو پدم شری ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا اس میں پاکستانی نژاد معروف گلوکار عدنان سمیع کا نام بھی شامل ہے۔