سرکاری اطلاعات کے مطابق شیوراج سنگھ چوہان آج یہاں ڈسٹرکٹ کرائسس مینجمنٹ گروپ کی میٹنگ میں کورونا وائرس کی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ میٹنگ میں وزیر صحت ڈاکٹر نروتم مشرا سمیت دیگر وزراء پردیومن سنگھ تومر، امرتی دیوی، بھرت سنگھ کشواہا، ایم پی ویویک نارائن شیجولکر، ڈویژنل کمشنر ایم بی اوجھا، کمشنر تعلقات عامہ ڈاکٹر سودام کھڑے، پولس انسپکٹر جنرل راجہ بابو سنگھ وغیرہ موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر اعلی نے کہا کہ اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہر مریض صحت یاب ہو اور اپنے گھر جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوالیار میں کورونا پر کنٹرول ہے۔ اموات کی شرح بھی بہت کم ہے، اس کی ایک وجہ یہاں کے باشندوں کی مضبوط مدافعتی قوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات
چوہان نے کہا کہ بازار کھلے رہیں، لیکن بازاروں میں جسمانی دوری کو یقینی بنانا چاہئے۔ ہر شخص کو ماسک پہننا ضروری ہے اور تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ منتخب اسپتالوں اور کورونا وائرس کے علاج کے لئے آئزولیشن مراکز میں کم سے کم 4 ہزار بستروں کا انتظام کیا جائے۔ نیز اسپتالوں میں آکسیجن سمیت تمام طبی انتظامات کو مضبوط بنایا جانا چاہئے۔ دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے بھی اسپتال مقرر کیے جائيں۔
جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر صحت ڈاکٹر نروتم مشرا نے ہدایت دی کہ کورونا وائرس سروے مہم کا کام 15 جولائی تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا سے متاثرہ ہر مریض کی شناخت کریں گے، ان کا علاج کریں گے اور ریاست کو کورونا وائرس سے پاک کریں گے۔