ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع چھترپور کے ہرپال پور تھانہ علاقے میں زیر تعمیر ریلوے پل پر کام کرنے کے دوران آج صبح تین مزدور ندی میں اچانک آئے سیلاب میں پھنس گئے، جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق چھپرن گاؤں کے نزدیک ندی میں ریلوے کے ایک پل کا کام چلا رہا تھا۔
وہیں صبح تین مزدور پل کی تعمیر میں مصروف تھے، تبھی ندی میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہو گیا اور تینوں مزدور ندی کے سیلاب میں پھنس گئے۔
اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی، اس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور گاؤں والوں کی مدد سے راحت و بچاؤ کا کام شروع کرکے تینوں مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ تینوں مزدور گجرات کے رہنے والے ہیں، جو یہاں کام کرنے آئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ گذشتہ رات سے ہی اس علاقے میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے اچانک ندی میں طغیانی آگئی۔