ریاست کا صنعتی شہر اندور جہاں یوم جمہوریہ کی تقریبات بڑی دھوم دھام سے منائی جاتی ہے وہیں، 'سنی ویلفیئر کمیٹی' کی جانب سے عوام کو آئین میں فراہم کیے گئے بنیادی اور شہری حقوق سے بیدار کرنے کی غرض سے کتابچہ تیار کیا گیا۔ اس کتابچہ کا اجراء اندور شہر قاضی ڈاکٹر سید عشرت علی نے کیا۔
اجرا کے بعد تنظیم کے کارکنوں نے عوام میں کتابچہ کو تقسیم کردیا تاکہ عوام اپنے بنیادی حقوق سے بخوبی واقف ہوسکے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سید عشرت علی نے کہا کہ ملک کے زیادہ تر لوگ اپنے بنیادی حقوق سے واقف نہیں ہوتے۔ اس کے پیش نظر سنی ویلفیئر کمیٹی نے آئین کے کتابچے کو تیار کیا تاکہ عوام آئین میں فراہم کیے گئے بنیادی حقوق سے اچھی طرح واقف ہوسکے۔
شہر قاضی نے مزید کہا کہ ہمیں بڑی مشکل سے آزادی ملی ہے۔ لہذا ہمیں ایک دوسرے کے مذہب کا احترام اور غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے ایک سچے بھارتی کا فرض ادا کرنا چاہیے تا کہ ملک ترقی کر سکے۔
مزید پڑھیں:
72 ویں یوم جمہوریہ کا شاندار جشن
سنی ویلفیئر کمیٹی کے مینیجر سید ناظم والی نے کہا کہ ہم ہر سال عوام کو آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کے بارے میں بیدار کرنے کے لیے عوام کے لیے کتابچے تیار کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے حقوق سے واقف ہوسکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔