بھوپال: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں عارف مسعود فینس کلب کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر گزشتہ 10 برسوں سے ' آزادی میں علمائے کرام کا کرادر' کے نام سے شہر کے اہم چوراہوں پر پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ رواں برس بھی یہ پروگرام 7 اگست سے شروع ہوا۔ قاضی کیمپ چوراہے پر منعقد ہوئے پہلے پروگرام میں بچوں نے 'جنگ آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے مسلم علماء' کی قربانی پر تقریر کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی لوگوں اور کارپوریٹرز نے شرکت کی۔ Sacrifice of Muslim Clerics in Freedom Fight for Independence
پروگرام کے کنوینر بھوپال مرکزی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'لاکھوں مسلم علماء نے اپنی جان کی قربانی دے کر بھارت کو انگریزوں کے قبضے سے آزاد کروایا ہے۔ جنگ آزادی میں کس کس نے قربانیاں دی ہے، آج کی نئی نسل کو ان علماء کے نام تک یاد نہیں ہیں۔
رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا کہ مسلسل دس برسوں سے ہماری کوشش ہے کہ نفرت آمیز دور میں انسانیت کے پیغام کو عام کرنے والے اس پروگرام کا انعقاد شہر کے اہم چوراہوں پر کیا جائے گا۔ ملک کو آزاد کرانے میں جن علماء نے اپنی جان کی قربانی دی ہے ہمارے بچے اس پروگرام کے ذریعہ تفصیل کے ساتھ یہ بتا رہے ہیں۔اس ملک میں سبھی مذاہب کے لوگوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر ملک کو انگریزوں سے آزاد کرایا ۔اب ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس خوبصورت بھارت میں محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں۔