عموماً خاکی وردی کی پہچان خوف سے ہوتی ہے لیکن ریاست مدھیہ پردیش کے بیتول میں ایک بزرگ جوڑے کو ان کے بچوں نے تنہا چھوڑ دیا جس سے ان کے سامنے روزی روٹی کا مسئلہ پیدا ہو گیا۔ ایسے میں ان کی مدد کے لیے خاکی وردی سامنے آئی۔ خود ایڈیشنل ایس پی نے جا کر اس بزرگ جوڑے کو راشن دیا۔
دراصل ایک بزرگ خاتون کو جب زندگی گزر بسر کرنے کے لیے مسئلے درپیش آ گئے تو وہ ایس پی دفتر سہارا لینے پہنچ گئیں۔ اس بزرگ خاتون کا نام جھمووا بائی بتایا جا رہا ہے۔
جھمووا بائی نے ایس پی کو پھول پیش کیا۔ ایس پی اور ایڈیشنل ایس پی شردھا جوشی نے بزرگ خاتون سے ان کی پریشانی کے بارے میں پوچھا۔
بزرگ خاتون نے بتایا کہ کئی برس قبل ان کے بچوں نے انہیں چھوڑ دیا تھا۔ اس کے بعد سے بزرگ خاتون، اپنے شوہر کے ساتھ دوسرے کھیت میں بنے ایک گھر میں اپنی بچی ہوئی زندگی گزار رہی ہیں۔
بزرگ خاتون نے بتایا کہ ان کے سامنے کئی دفعہ کھانے پینے کا مسئلہ ہو جاتا ہے۔
بزرگ خاتون کی دکھ بھری داستان سن کر خاتون پولیس افسر کا دل بھر آیا، جس کے بعد وہ خود کو نہیں روک پائیں اور اس خاتون سے ملنے پہنچ گئیں اور ایک ماہ کا راشن دیا۔
انہوں نے اس خاتون کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آگے بھی اس طرح سے ان کی مدد کریں گی۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل لاک ڈاؤن کے دوران کسی شخص نے اس جوڑے کے ساتھ مار پیٹ کی تھی، تب وہ شکایت لے کر گنجا تھانا آئے تھے۔ اس وقت کے تھانہ انچارج اور ٹرینی ڈی ایس پی سنتوش پٹیل نے بھی اس بزرگ جوڑے کی مدد کی تھی۔