بھنڈ: ریاست مدھیہ پردیش کے بھنڈ کے پاس ورکا پورہ گاؤں میں اجتماعی کھانے کی ایک تقریب کے دوران شہد کی مکھیوں نے خواتین پر حملہ کر دیا، جس سے ایک خاتون کی موت جبکہ چار سے پانچ خواتین زخمی ہو گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھنڈ دیہات تھانہ کے تحت ورکاپورا گاؤں میں ایک مذہبی جگہ کے قریب اجتماعی کھانے کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کسی شرارتی شخص نے قریب کے درخت پر شہد کی مکھیوں کے چھتے پر پتھر پھینک دیا۔ اس کے بعد شہد کی مکھیوں نے وہاں موجود بھیڑ پر حملہ کر دیا۔ جس کی زد میں کچھ خواتین بھی آ گئیں۔
حملے میں زخمی چھ خواتین کو علاج کے لئے دیر شام ضلع اسپتال میں لایا گیا۔ رات میں نیت رام نام کی ایک بزرگ خاتون کی موت ہو گئی۔ ایک دوسری خاتون اوموتی کی حالت نازک ہے۔ اس کے علاوہ تین چار دیگر خواتین زیر علاج ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست چھتیس گڑھ کے سرگوجا میں شہد کی مکھیوں کے حملے سے اموات کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ 21 مارچ کو اسی سلسلے میں لٹوری کے علاقے کی ایک خاتون جو شہد کی مکھیوں کے حملے سے شدید متاثر ہوئی تھی، میڈیکل کالج اسپتال میں دم توڑ گئی۔ اس واقعے کے ساتھ ہی ایک سال میں شہد کی مکھیوں کے حملے سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ بتا دیں کہ اڑیشہ کے نواپاڑا میں منگل کو ہفتہ وار بازار پر شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے حملہ کر دیا، جس میں ایک سرپنچ سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں کو ہنس کو کھاریار سب ڈویژنل اسپتال لے جایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: Honeybees شہد کی مکھیوں کے حملے میں ایک شخص کی موت
یو این آئی