بھوپال: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج مدھیہ پردیش کے دارالحکوت بھوپال پہنچیں۔ سرکاری معلومات کے مطابق صدر دروپدی مرمو 7ویں بین الاقوامی دھرم-دھم کانفرنس کا افتتاح کریں گی۔ اس دوران گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان بھی موجود رہیں گے۔ قبل ازیں، چوہان نے اپنے ٹویٹ میں کہا، 'صدر دروپدی مرمو جی، آپ کی بھوپال آمد پر، میں اپنی اور ریاست کے تمام شہریوں کی طرف سے پرتپاک استقبال کرتا ہوں۔ ساتویں دھرم دھم کانفرنس میں آپ کی موجودگی ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ اس میں آنے اور شرکت کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔
یہ کانفرنس 3 مارچ سے شروع ہو کر 5 مارچ تک جاری رہے گی، 3 روزہ کانفرنس میں بھوٹان، سری لنکا، انڈونیشیا، نیپال سمیت 15 ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ یہ کانفرنس دارالحکومت کے کُشابھاو ٹھاکرے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کانفرنس کے دوسرے دن یعنی 4 مارچ کو صدر مرمو دہلی میں چھندواڑہ کی انیتا چودھری کو پانی کے تحفظ اور خواتین میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اعزاز سے نوازیں گی۔ بین الاقوامی دھرم دھم کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں 45 مقررین ہوں گے، اس 3 روزہ سیشن کے دوران نئے دور میں انسانیت کے نظریہ پر مبنی 115 تحقیقی مقالے بھی پیش کیے جائیں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد دھرم دھم کی روایات سے وابستہ مذہبی، سیاسی اور فکری رہنماؤں کو اکٹھا کرنا ہے، جس کی وجہ سے قوم کی تعمیر پر غور کیا جا سکے۔ اس کانفرنس میں 15 ممالک شرکت کریں گے جن میں سے 6 ممالک کے ثقافتی وزراء بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی وزیر ثقافت اوشا ٹھاکر اور سانچی بدھسٹ انڈین اسٹڈیز یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر نیرجا گپتا موجود رہیں گی۔
یو این آئی