شیو راج سنگھ چوہان حکومت کے سو دن پورے ہونے کے موقع پر ایک ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ جیوتی رادیتہ سندھیا نے ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کی اور 1975 میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
جیوتی رادیتہ سندھیا نے دعویٰ کیا کہ جب وہ کانگریس میں تھے تب بھی انہوں نے ایمرجنسی کے خلاف موقف اختیار کیا تھا۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'وزیر اعظم نریندر مودی میں ہمت ہے کہ وہ پورے عزم کے ساتھ صحیح فیصلہ کریں۔ جب کورونا وائرس پھیلنے کے دوران دنیا کانپ اٹھی، تب وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں 25 مارچ سے لاک ڈاؤن کی بات کی اور کروڑوں شہریوں نے اس کی پیروی کی'۔
بتادیں کہ سندھیا نے اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر کانگریس چھوڑ دی تھی اور رواں برس مارچ میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ وہ شیو راج سنگھ چوہان حکومت کے 100 دن پورے ہونے کے موقع پر ایک ورچوئل ریلی سے خطاب کررہے تھے۔
سندھیا کے مطابق 'کچھ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے ذریعے کیا اچھا کیا گیا ہے۔ اگر ہمارے وزیر اعظم نے لاک ڈاؤن کا اعلان نہ کیا ہوتا تو ملک دوسرے ممالک کی طرح وبا کی شدت میں مبتلا ہوتا۔ لاک ڈاؤن نافذ کرکے مودی جی نے لاکھوں جانیں بچائیں ہیں'۔
انہوں نے کہا 'کانگریس نے 1975 میں ایمرجنسی کو اقتدار سے چمٹے رہنے کے لئے نافذ کیا تھا، جبکہ مودی نے جان بچانے کے لئے لاک ڈاؤن کی اپیل کی اور لوگوں نے اپنے پردھان سیوک کی اپیل کو پورے دل سے قبول کیا'۔
مزید پڑھیں: جیوتی رادیتہ سندھیا کا ویڈیو پیغام
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'کانگریس میں رہتے ہوئے میں نے ہمیشہ حق کی حمایت کی اور ہمیشہ ایمرجنسی کی مخالفت کی کیونکہ جو غلط ہے وہ غلط ہے اور جو صحیح ہے وہ صحیح ہے'۔